ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یورپی یونین بتائے ترکی کو مکمل رُکن کب بنایا جائے گا:اردغان

یورپی یونین بتائے ترکی کو مکمل رُکن کب بنایا جائے گا:اردغان

Sun, 02 Oct 2016 16:30:28    S.O. News Service

واشنگٹن ،2؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ اُن کے ملک کی جانب سے یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی عشرہ پرانی کوششوں کا فیصلے کا وقت آ چکا ہے۔پارلیمانی اجلاس کے افتتاح کے موقعے پر قانون سازوں سے گفتگو کرتے ہوئے، رجب طیب اردوان نے کہا کہ اب برسلز کے لیے وہ لمحہ آچکا ہے جب فیصلہ کیا جانا چاہیئے، آیا ترکی کو مکمل رُکن کا درجہ دیا جائے گا یا نہیں، جب کہ اُنھوں نے کہا کہ ترکی تیار ہے۔اردوان نے ویزے میں نرمی کے سمجھوتے کے خاتمے پر نکتہ چینی کی، جس پر اس ماہ سے عمل درآمد ہونا تھا۔ بقول اُن کے، یہ معاملہ اس اعلان کے مترادف ہے کہ یورپی یونین وہ وعدہ وفا نہیں کرنا چاہتا جو اُس نے ترکی سے کر رکھا ہے۔اُنھوں نے بیلجئم سے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ماہ سے یورپی یونین ترکوں کو بغیر ویزا کے سفر کی اجازت دے، جو ترکی کے ساتھ کیے گئے اُس سمجھوتے کی پاسداری ہوگی جس کا مقصد اُن ہزاروں تارکین وطن کو بحیرہء ایجئن سے یونان جانے سے روکنا تھا۔گیارہ ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے لواحقین کو سعودی عرب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اجازت سے متعلق قانون سازی پر صدر براک اوباما کے ویٹو کو مسترد کرنے پر، اردوان نے امریکی کانگریس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بدقسمتی ہے، اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اسے جلد از جلد واپس لیا جائے گا۔شام میں اپنے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے، گذشتہ ماہ کے دوران ترکی اور سعودی عرب نے اپنے تعلقات کو فروغ دیا ہے۔ اردوان نے حال ہی میں صدارتی محل میں سعودی عرب کے ولی عہد، محمد بن نائف کے ساتھ ملاقات کی۔پندرہ جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد، یورپی یونین اور امریکہ کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں کشیدگی پائی گئی ہے۔ترکی نے امریکہ میں مقیم عالم دین، فتح اللہ گولن کو ملک بدر کرنے کی درخواست کر رکھی ہے، یہ کہتے ہوئے کہ اردوان کا یہ سابق اتحادی بغاوت کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے، جس سازش میں فوج کے باغی اہل کاروں کا ٹولا شامل تھا۔دوسری جانب، یورپی یونین کے اہل کار بغاوت کے مبینہ منصوبہ سازوں اور حامیوں کے خلاف ترکی کی سخت کارروائی کے سب سے بڑے ناقد ہیں۔


Share: